ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / صدرجمہوریہ کووند اوران کی اہلیہ کے ساتھ جگن ناتھ مندرمیں ہوئی ’بدسلوکی‘:رپورٹ

صدرجمہوریہ کووند اوران کی اہلیہ کے ساتھ جگن ناتھ مندرمیں ہوئی ’بدسلوکی‘:رپورٹ

Thu, 28 Jun 2018 00:25:58    S.O. News Service

نئی دہلی،27جون(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند اور ان کی بیوی سویتا کووند کیساتھ اڈیشہ کے مشہور جگن ناتھ مندرمیں مبینہ بدسلوکی کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ صدر جمہوریہ اور ان کی بیوی تقریباً تین مہینے پہلے یعنی 18 مارچ کو مندر درشن کے لئے گئے تے، لیکن اس واقعہ کا انکشاف مندر انتظامیہ کی میٹنگ کے منٹس سامنے آنے کے بعد ہوا۔ وہیں پوری ضلع انتظامیہ نے اس معاملے میں جانچ شروع کردی ہے۔

رپورٹ کے مطابق مندرمیں سیوا داروں کی ایک جماعت نے مبینہ طور پر پناہ گاہ کے قریب صدر جمہوریہ کا راستہ روک لیا اوران کی بیوی کو دھکا دیا۔ رپورٹ کے مطابق راشٹرپتی بھون نے اس سانحہ پراعتراض جتاتے ہوئے 19 مارچ کو پوری کے کلکٹر اروند اگروال کو سیوا داروں کے برتاو کے خلاف نوٹ بھیجا تھا، جس کیبعد آئندہ روز جگن ناتھ مندرانتظامیہ (ایس جے ٹی اے) نے ایک میٹنگ کی تھی۔

ایس جے ٹی اے کی میٹنگ کولے کر جاری منٹس کے مطابق صدر جمہوریہ اور ان کی بیوی سویتا کووندٹھیک سے درشن کرسکیں، اس لئے صبح 6:35 بجے سے 8:40 بجے تک دیگرزائرین کے لئے مندربند رکھا گیا تھا۔ اس دوران کچھ سیوا داروں اورسرکاری افسران کو ہی صدر جمہوریہ اور ان کی بیوی کے ساتھ مندر جانے کی اجازت دی گئی تھی۔

ایک مقامی اخبار "پرگتی وادی" کے مطابق، جب صدر جمہوریہ پوری جگن ناتھ مندر کے سب سے نچلے حصے میں رتن سنہاسن کے پاس پہنچے، تو ایک سیوا دار نے مبینہ طور پر انہیں راستہ نہیں دیا۔ وہیں جب صدر جمہوریہ اور ان کی بیوی درشن کررہے تھے، تو کچھ سیوا داروں نے مبینہ طور سے دونوں کو کوہنی ماری۔

اس معاملے میں مندر انتظامیہ نے تین سیوا داروں کووجہ بتاو نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وہیں اس واقعہ کو لے کر"ٹائمس آف انڈیا"سے کانگریس لیڈر سریش کمار نے کہا "ہم یہ نہیں سمجھ پارہے ہیں کہ ضلع انتظامیہ کیوں ایسی حالت سے بچنے میں ناکام رہا۔ اب تک صرف عام زائرین کو سیوا دار پریشان کرتے تھے۔ اب ایسا لگ رہا ہے کہ صدر جمہوریہ اور ان کے اہل خانہ کو بھی اس سے نہیں بخشا گیا۔

دوسری جانب ایس جے ٹی اے کے چیف منتظم آئی اے ایس افسر پردیپت کمار مہاپاترانے اعتراف کیا کہ صدرجمہوریہ اور ان کی بیوی کو مندرکےاندر تکلیف ہوئی، لیکن انہوں نے آگے تبصرہ کرنے سے انکار کردیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے کچھ دنوں پہلے مندر انتظامیہ کمیٹی کے ساتھ اس معاملے پر بات چیت کی تھی اور فی الحال اس واقعہ کی جانچ کی جارہی ہے۔

راجیہ سبھا رکن پارلیمنٹ اور بی جے ڈی ترجمان پرتاپ کیشری دیو نے بتایا کہ کلکٹر نے اس معاملے کی جانچ شروع کردی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مندرانتظامیہ بھی اس معاملے کی جانچ کررہی ہے۔ حالانکہ کئی بار کوشش کرنے کے بعد بھی ضلع افسر اگروال سے بات نہیں ہوسکی۔ اس واقعہ کے تین ماہ بعد سپریم کورٹ نے 8 جون کو مندر کے سیوا داروں کے غلط برتاوکو لے کر بے خد سخت تبصرہ کیا اور ریاستی حکومت کا استحصال روکنے کے لئے انتظام کرنےکا حکم دیا ہے۔


Share: